ماہرینِ نفسیات نے معاشرتی مسائل، گھریلو ماحول اور ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو ذہنی مسائل کی اہم وجوہات قرار دے دیا، جامعہ سندھ میں “صحت مند ذہن، مضبوط معاشرے” کے عنوان سے پینل ڈسکشن منعقد، وائس چانسلر نے صدارت کی

 ماہرین نے بیماریوں، معاشرتی مسائل اور ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو ذہنی مسائل کا اہم سبب قرار دیتے ہوئے ٹیکنالوجی کے مثبت اور متوازن استعمال،  والدین اور بچوں کے درمیان مثبت تعلقات اور مضبوط وابستگی کی اہمیت پر زور دیا ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ سندھ کے شعبہ سائکالوجی کی جانب سے “صحت مند ذہن، مضبوط معاشرے” کے عنوان سے منعقد کیے گئے پینل ڈسکشن میں کیا. انسٹیٹیوٹ آف سندھالوجی کے پیر حسام الدین راشدی آڈیٹوریم میں منعقدہ اس تقریب کی صدارت جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغہ امتیاز) نے کی۔ پینل ڈسکشن میں سندھ مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے چیئرمین سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر کریم خواجہ، لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے شعبہ نفسیات کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر جمیل جونیجو، انسٹیٹیوٹ آف کلینیکل سائیکالوجی، جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر صبیحہ آفتاب، اسی ہی ادارے کی پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ، نامور مصنف ڈاکٹر محمود مغل اور لمس کے نیورو سائیکالوجسٹ سیف اللہ پٹھان نے پینلسٹس کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے کہا کہ ذہنی صحت انسانی زندگی اور معاشرتی ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں کے ساتھ ساتھ مختلف معاشرتی مسائل اور ٹیکنالوجی کا غلط استعمال بھی ذہنی صحت کو متاثر کرتے ہیں۔ ان مسائل کے بارے میں شعور، رہنمائی اور بروقت علاج کے ذریعے ایک صحت مند، مثبت اور مضبوط معاشرے کی تعمیر ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی و جذباتی نشوونما کے لیے سازگار ماحول، والدین کی بھرپور توجہ، محبت، تربیت اور مثبت خاندانی ماحول انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ کوششوں سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں، خصوصاً اس حوالے سے ماہرینِ نفسیات کا کردار اہم ہے۔ وائس چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ جامعات سمیت تمام تعلیمی اداروں کو ایسے پروگراموں کے ذریعے طلبہ میں ذہنی صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے بہترین پروگرام منعقد کرنے پر شعبہ نفسیات کی چیئرپرسن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد بھی دی. پینل ڈسکشن کے دوران سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر کریم خواجہ نے سندھ مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے دیہی علاقوں، بالخصوص تھر میں ذہنی صحت کی سہولیات اور آگاہی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا. پروفیسر ڈاکٹر جمیل جونیجو نے بچوں کی ذہنی صحت اور نشوونما کے لیے والدین اور بچوں کے درمیان مثبت تعلقات اور مضبوط وابستگی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی محبت، شفقت اور گرمجوشی بچوں کے لیے دوا کی حیثیت رکھتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر صبیحہ آفتاب نے بچوں کے ساتھ والدین کے مثبت رویے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ گھر ایک ایسی تربیت گاہ ہے جہاں بچوں کی شخصیت، جذبات اور کردار کی نشوونما ہوتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ نے خاندان میں احترام، شکرگزاری اور مثبت اقدار کے فروغ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بچے یہ اقدار اپنے گھر کے افراد کے رویوں سے سیکھتے ہیں۔ ڈاکٹر محمود مغل نے ٹیکنالوجی کے مثبت اور متوازن استعمال، اس پر قابو رکھنے اور والدین سمیت خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ مضبوط اور مثبت تعلقات قائم کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر سیف اللہ پٹھان نے بچوں میں بولنے میں تاخیر کے بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بچوں کی بروقت تشخیص انتہائی ضروری ہے تاکہ مناسب رہنمائی اور علاج کے ذریعے ان کی نشوونما بہتر بنائی جا سکے۔ اس موقع پر شعبہ نفسیات کی چیئرپرسن ڈاکٹر منیزہ ملک نے وائس چانسلر کی شرکت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں ماہرینِ نفسیات کی تقرری انتہائی اہم ہے، کیونکہ اسکول کا دور بچوں کی نشوونما کا بنیادی اور ابتدائی مرحلہ ہوتا ہے۔ اس دوران بچوں کی جذباتی نشوونما، سیکھنے کی صلاحیت اور رویوں کی تشکیل پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ صحت مند ذہن کے ساتھ معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے معاشرتی بہبود کے لیے اسپتالوں میں کونسلنگ سیل قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔سوال و جواب کے سیشن میں طلبہ نے ذہنی صحت اور بچوں کی تربیت سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے پینلسٹس نے تفصیلی جوابات دیے۔ پروگرام میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر نانک رام، آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (اورک) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر فرحت نورین سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Author: Mrs. Shumaila Solangi 11/19/2026
Announcements
1024 x 768
نفسياتي ماهرن معاشرتي مسئلن، گهريلو ماحول ۽ ٽيڪنØ...
View Details → 11/19/2026
1024 x 768
سنڌ يونيورسٽيءَ ۾ ڊاڪٽر شازيا پتافي جي ڪتاب “رمز ...
View Details → 11/19/2026
1024 x 768
سنڌ يونيورسٽي ۾ روڊ سيفٽي بابت سيمينار منعقد، موٽ...
View Details → 11/19/2026