جامعہ سندھ میں کرسمس کے حوالے سے مسیحی برادری کی تقریب منعقد، کیک بھی کاٹا گیا، ملک میں مسیحی برادری کو مذہبی آزادی حاصل ہے، پاکستان رواداری و بھائی چارے والا ملک ہے
جامعہ سندھ جامشورو میں مسیحی برادری کی جانب سے کرسمس کا دن منانے کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں کیک بھی کاٹا گیا اور ملک کی خوشحالی کیلئے دعا بھی مانگی گئی۔ جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی میں واقع پیر حسام الدین شاہ راشدی ہال میں مسیحی برادری کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی جانب سے نامزد کردہ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی غلام مرتضیٰ سیال نے کی۔ اس موقع پر صغیر قریشی، پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ دایو، محمد علی گھانگھرو، علی رستمانی، شمعون مسیح و دیگر نے شرکت کی۔ تقریب میں کرسمس کے حوالے سے ایک کیک بھی کاٹا گیا، جبکہ مسیحی بچوں نے خوشی میں مذہبی گیتوں پر رقص بھی کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سیال و دیگر نے کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، وہ اپنی مرضی سان عبادت کر سکتے ہیں اور گرجا گھروں میں جا کر دعائیہ تقریبات منعقد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رواداری و بھائی چارے والا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مقیم مسیحی برادری امن پسند ہیں، جو کہ ملکی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس مسیحی برادری کا اہم دن ہے، جس کہ وجہ آج ان کی تقریب میں نہ صرف مسیحی برادری بلکہ مسلمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے ثابت کیا کہ ہم ایک دوسرے کی خوشیوں میں ہمیشہ ایک ساتھ ہیں۔