اسٹیٹ بینک سے معاہدے کے بعدجامعہ سندھ میں شجاعت علی حسنین میموریل چیئر قائم

جامعہ سندھ جامشورو اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد ڈپارٹمنٹ آف اکنامکس جامعہ سندھ میں شجاعت علی حسنین میموریل چیئر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جبکہ اقتصادی امور کے ماہر ڈاکٹر شبیب حیدر کو پروفیسر چیئر مقرر کیا گیا ہے۔ مذکورہ اقتصادی چیئر جامعہ سندھ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی اور دونوں اداروں کے درمیان تحقیق و تربیت کے نئے طریقہ کار کے حوالے سے کام کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ جامعہ سندھ میں شجاعت علی حسنین میموریل چیئر کے قیام سے جامعہ سندھ کے اکنامکس و دیگر ملحقہ شعبوں کے طالبہ و طالبات کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان و دیگر مالیاتی اداروں میں انٹرنشپ و روزگار کے مواقع میسر ہونگے، جبکہ پروفیسر چیئر ڈاکٹر شبیب حیدر چیئرمین ڈپارٹمینٹ آف اکنامکس پروفیسر ڈاکٹر رفیق چانڈیو کے ساتھ تحقیقی منصوبے حاصل کرنے کیلئے کردار ادا کریں گے تاکہ ان تحقیقی منصوبوں میں جامعہ سندھ کے اسکالرز کو شامل کرکے انہیں مالی فوائد دلا ئے جا سکیں۔ دوسری جانب اپنی تقرری کے بعدپروفیسر شجاعت علی حسنین میموریل چیئر ڈاکٹر شبیب حیدر نے چیئرمین ڈپارٹمنٹ آف اکنامکس پروفیسر ڈاکٹر رفیق چانڈیو کے ساتھ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو سے ان کی آفس میں ملاقات کی، دوران ملاقات شیخ الجامعہ نے انہیںتقرری پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اقتصادی چیئر کے پلیٹ فارم کے ذریعے جامعہ سندھ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان بہترین تعلقات قائم کریں گے تاکہ جامعہ سندھ کے ڈپارٹمنٹ آف اکنامکس، بزنس ایڈمنسٹریشن، انسٹیٹیوٹ آف کامرس و دیگر ملحقہ شعبوں کے طالبہ و طالبات کو انٹرنشپ اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔