جامعہ سندھ کے طلباءصرف 5 فروری پر ہی نہ بلکہ پورا سال سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیر مسئلے کو اجاگر کریں تاکہ دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑا جا سکے

 جامعہ سندھ جامشورو میں یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر منعقدہ سیمینار کو خطاب کرتے ہوئے مقررین نے جامعہ کے طالبہ و طالبات کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے پورا سال کشمیر مسئلے کو اجاگر کریں تاکہ دنیا کومزید مضبوط پیغام جا سکے اورر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا جا سکے، پاکستانی نوجوان ہر وقت کشمیری بھائیوںکے ساتھ ہیں، کشمیر میں بھارتی فوج کی مظالم خلاف بھرپور آواز اٹھایا جائے۔ ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز یہاں جامعہ سندھ کی آرٹس فیکلٹی بلڈنگ میں واقع شیخ ایاز آڈیٹوریم میں بیورو آف اسٹیگس کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیرکی مناسبت سے منعقدہ سیمینار کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں کلام پاک کی تلاوت و نعت پڑھنے کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا، جس کے احترام میں سب اٹھ کر کھڑے ہوئے۔ تقریب کو خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ کشمیریوں سے پاکستانی قوم کی محبت ہے، کشمیری نوجوان بھی پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، کشمیر ایک دن ضرور پاکستان بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ کے روٹس بھی کشمیر سے ملتے ہیں، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کشمیر پاکستان کااٹوٹ حصہ ہے۔ شیخ الجامعہ نے مزید کہا کہ جامعہ سندھ کے نوجوان صرف 5 فروری کویوم یکجہتی کشمیر نہ منائیں بلکہ پورا سال کشمیر و کشمیریوں کو یاد کرکے سوشل میڈیا پر پوسٹس چھوڑی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو ہمارے نوجوانوں کی آواز پہنچنی چاہیئے کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ اور ہم آواز ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جامعہ سندھ کی سینڈیکیٹ میمبر پروفیسرڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو کبھی بھی تسلیم نہیں کیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کا ظلم، بربریت اور دہشتگردی جاری ہے۔ چیئرمین شعبہ اکنامکس پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد چانڈیو نے کہا کہ پاکستانی جامعات میں کشمیر فورم بننے چاہیئیں، جس میں طلباءکی بھرپور شرکت ہو تاکہ کشمیریوں کے حقوق کیلئے مزید مضبوط آواز بلند ہو سکے۔ ڈائریکٹر پاکستان اسٹڈی سینٹر پروفیسر ڈاکٹر شجاع احمد مہیسر نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے معصوم شہریوں کی خونریزی رکوانے کیلئے عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کو موثر حکمت عملی مرتب کرنا ہوگا۔ ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس ڈاکٹر غزالہ پنہور نے کہا کہ کشمیر پر بھارتی فوج کا قبضہ ناقابل قبول ہے اور کشمیر میں شہیدوں کا خون ایک دن ضرور رنگ لائے گا۔ معروف کالم نگار و انگریزی شعبے کے پروفیسر ڈاکٹر مبارک علی لاشاری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، جو ایک دن ضرور پاکستان بنے گا۔ اس سے قبل نمرہ غوری، سہیل احمد اور فیضان علی نے انگلش، قدسیہ بابر نے اردو اور محبوب علی نے سندھی میں کشمیر کے حوالے سے تقاریر کی۔ اس موقع پر اعتزاز علی نے کشمیر سے متعلق شاعری پیش کی۔