آئی ایم ایس سی جامعہ سندھ کی اسسٹنٹ پروفیسر ملائیشیا سے پی ایچ ڈی مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئیں، شیخ الجامعہ سے ملاقات،ڈاکٹوریٹ کرنے کے دوران 26 تحقیقی آرٹیکل لکھ کر امپیکٹ فیکٹر جرنلز میں شایع کرانے اور ان کا مقالہ ”بیسٹ تھیسز ایوارڈ“ کیلئے نامزد ہونے سے متعلق وی سی ڈاکٹر کلہوڑو کو آگاہی

انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنسز (آئی ایم ایس سی) جامعہ سندھ کی اسسٹنٹ پروفیسر سمیرا ڈیرو ملائیشیا سے ریکارڈ تین سال کے اندر میتھمیٹکس میں پی ایچ ڈی مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئیں، جس کے بعد انہوں نے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر عبدالوسیم شیخ بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر سمیرا ڈیرو جون 2017ءمیں میتھمیٹکس میں پی ایچ ڈی کرنے کیلئے ملائیشیا روانہ ہوگئی تھیں، جہاں انہوں نے دن رات محنت کرکے مئی 2020ءمیں اپنی ڈاکٹوریٹ کی ڈگری مکمل کرلی۔ کچھ وقت پی ایچ ڈی کے بعد ملائیشین یونیورسٹی میں تعلیم و تحقیق کا کام جاری رکھنے کے بعد وہ وطن واپس پہنچ گئیں۔ ڈاکٹر سمیرا ڈیرو نے اپنے انسٹیٹیوٹ میں جوائننگ دینے کے بعد ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالوسیم شیخ کے ہمراہ شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو سے ملاقات کی، جنہوں نے انہیں یونیورسٹی آف اتارا ملائیشیا میں وقت پر پی ایچ ڈی کرکے آنے پر مبارکباد پیش کی۔ شیخ الجامعہ نے پی ایچ ڈی کی ڈگری سرٹیفکیٹ دیکھنے کے بعد ڈاکٹر سمیرا ڈیرو کے حوالے کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ آئی ایم سی ایس میں اعلیٰ تعلیم کے ساتھ تحقیق پر بھی توجہ مرکوز کریں اور تحقیقی آرٹیکلز بھی لکھیں تاکہ یونیورسٹی آف سندھ کو بہترین عالمی رینکنگ دلائی جاسکے۔ ڈاکٹر سمیرا ڈیرو نے شیخ الجامعہ کو آگاہی دی کہ انہوں نے پی ایچ ڈی کے دوران 26 ریسرچ پیپرز لکھے، جو عالمی امپیکٹ فیکٹر ریسرچ جرنلز میں شایع ہوئے ہیں، تاہم ان کے تحقیقی پیپرز کی مجموعی تعداد 31 ہو گئی ہے۔ ڈاکٹر سمیرا ڈیرو کی پی ایچ ڈی تھیسز کو ایوارڈ کیلئے بھی نامزد کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی آف اتارا ملائیشیا نے 2020ءمیں میتھمیٹکس میں مکمل کی گئی تین پی ایچ ڈی تھیسز کو سالانہ ایوارڈ کیلئے منتخب کیا، جس میں ڈاکٹر سمیرا ڈیرو کی تھیسز کا بھی انتخاب کیا گیا ہے، تاہم باقی دو نامزد کی گئی تھیسز کے اسکالرز کا تعلق ملائیشیا سے ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر سمیرا ڈیرو نے میتھمیٹکس میں یونیورسٹی آف اتارا ملائیشیا سے پی ایچ ڈی مکمل کرکے آنے کے بعد انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنسز جامعہ سندھ کی پہلی خاتون پی ایچ ڈی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔