جامعہ سندھ میں اسکالرشپ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب،شیخ الجامعہ نے مستحق طلبہ و طالبات میں تقریباً 18 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے

شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے 45 مستحق طلبہ و طالبات میں سندھ انڈوومنٹ اسکالرشپ فنڈ اور نیشنل انڈوومنٹ فار ٹیلینٹڈ اسٹوڈنٹس کے تحت 17 لاکھ 96 ہزار روپے کے اسکالرشپ چیکس تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے طلباءکو دل لگا کر پڑھنے کا مشورہ بھی دیا۔ سندھ انڈوومنٹ اسکالرشپ فنڈ کے تحت تقریباً 39 طلبہ و طالبات میں 12 لاکھ 80 ہزار روپے اور نیشنل انڈوومنٹ اسکالرشپ فار ٹیلینٹڈ اسٹوڈنٹس کے تحت 6 مستحق طلباءمیں 5 لاکھ 16 ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے گئے۔ چیک تقسیم کرنے کی تقریب وی سی سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہال میں منعقد ہوئی، جس میں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کے علاوہ پرو وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن، فوکل پرسن سندھ یونیورسٹی لاڑکانہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر اظہر علی شاہ، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو ، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمد یونس لغاری، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن پروفیسر سعید احمد منگی، قمر نانگراج، رافع میمن و دیگر بھی موجود تھی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے طلبہ و طالبات سے ان کی پڑھائی سے متعلق دریافت کیا اور انہیں جامعہ سندھ میں دستیاب اسکالرشپس کے مواقع کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔ انہوں نے اسکالرشپ حاصل کرنے والے خوش نصیب طلبہ و طالبات کو سخت محنت و لگن کے ساتھ دل لگا کر پڑھنے کی تلقین بھی کی۔