جامعہ سندھ میں تعلیمی سال 2024ءکے تحت مختلف بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے پہلے مرحلے میں انٹری ٹیسٹ لیا گیا، 1730 طالبات سمیت مجموعی طور پر 9240 امیدواروں کی شرکت، شیخ الجامعہ سندھ نے کیمپس کا دورہ کرکے انتظامات امتحانی عمل کا جائزہ لیا، بیچلرز پروگرام کے لیے 5471 طالبات سمیت مجموعی طور پر 21318 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی
جامعہ سندھ جامشورو میں تعلیمی سال 2024ءکے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز کے 70 سے زائد مختلف شعبوں میں داخلوں کیلئے پہلے مرحلے میں پری انٹری ٹیسٹ منعقد کیا گیا، جس میں 1730 طالبات سمیت مجموعی طور پر 9240 امیدواروں نے حصہ لیا۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے امتحانی عمل کا جائزہ لیا اور تمام انتظامات کی نگرانی کی۔ انہوں نے مختلف کمیٹیوں کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر کے دورے کے دوران پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، رجسٹرار جامعہ سندھ ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو، ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی، ڈاکٹر رفیق احمد میمن، ڈاکٹر غلام سرور گچل، ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی، ڈاکٹر حماداللہ کاکیپوٹو، ڈاکٹر نیک محمد شیخ، ذوالفقار علی زیدی، امر سندھو، ڈاکٹر انیلہ ناز سومرو، ساجد قیوم میمن، ڈاکٹر تانیہ مشتاق، پروفیسر سعید احمد منگی و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔ انٹری ٹیسٹ کا آغاز صبح دس بجے ہوا، جو کہ 90 منٹ (ڈیڑھ گھنٹہ) جاری رہا۔ انٹری ٹیسٹ کیلئے 1730 طالبات کیلئے بایو کیمسٹری، بایو ٹیکنالوجی اور انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر میں الگ امتحانی بلاکس قائم کیے گئے، تاہم 7510 طلبہ کیلئے آرٹس فیکلٹی، ماس کمیونیکیشن، زولاجی، ڈاکٹر ایم اے قاضی انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری اور فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں امتحانی ہال کا اہتمام کیا گیا تھا۔ انٹری ٹیسٹ کے پہلے مرحلے کے دوران سندھ کے 16 اضلاع دادو، لاڑکانہ، قمبر-شہدادکوٹ، گھوٹکی، شکارپور، جیکب آباد، کشمور-کندھ کوٹ، سکھر، خیرپور میرس، نوشہروفیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، کراچی، تھرپارکر، ٹھٹھہ و سجاول کے علاوہ پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان صوبوں کے امیدواروں نے حصہ لیا۔ انٹری ٹیسٹ کا آغاز ہونے کے بعد شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے ٹیسٹ میں 1730 طالبات اور 7510 طلبہ نے حصہ لیا، جن کی مجموعی تعداد 9240 ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین حکمت کے باعث ٹیسٹ پرامن طریقے سے ہو گیا اور اللہ پاک کا شکر ہے کہ کوئی معمولی واقعہ بھی پیش نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ دو مرحلوں میں ٹیسٹ کا انعقاد کرنے سے اخراجات میں کمی آنے کے ساتھ ساتھ امیدواروں کا زیادہ رش نہ ہونے کی وجہ سے کسی پریشانی کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال زیادہ امیدواروں نے داخلوں کیلئے درخواستیں جمع کرائیں، جو درحقیقت جامعہ سندھ کی بڑھتی ہوئی ساکھ پر اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ تعلیمی سال 2024ءسے 4 نئے تعلیمی شعبوں کا آغاز کیا ہے، تاہم ایل ایل بی مین کیمپس پر بھی شروع کیا گیا ہے۔دوسری جانب انٹری ٹیسٹ کے دوران ماس کمیونیکیشن، آرٹس فیکلٹی اور انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر سمیت امتحانی مراکز میں عارضی طبی ڈسپنسریاں بھی قائم کی گئیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمبولنس سروس کا بھی اہتمام کیا گیا، جبکہ سکیورٹی کا بھی بہترین بندوبست کیا گیا اور امیدواروں کو ٹیسٹ کے دوران انتہائی دوستانہ و پرامن ماحول فراہم کیا گیا۔ کنٹرول روم ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے دفتر میں قائم کیا گیا۔ ڈائریکٹر ٹیسٹنگ سروسز سینٹر ڈاکٹر آفتاب چانڈیو کے مطابق مرحلہ وار ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے نتائج اسی روز جاری کیے جائیں گے۔ دوسری جانب امیدواروں کے ساتھ آنے والے ان کے والدین (مرد حضرات کیلئے) فاطمہ جناح گرلز جمنازیم اور خواتین کیلئے سید پناہ علی شاہ ماڈل اسکول میں بیٹھنے کا انتظام کیا گیا۔ انہیں پینے کیلئے منرل واٹر کی بوتلیں بھی فراہم کی گئیں۔ ٹیسٹ دینے والے امیدواروں کو بھی پینے کی پانی کی بوتلیں اور بال پین دیئے گئے۔ امیدواروں نے جامعہ سندھ انتظامیہ کی جانب سے پری انٹری ٹیسٹ کیلئے کیے گئے انتظامات پر خوشی کا اظہار کیا اور سکیورٹی سمیت پورے نظم و ضبط اور امتحانی نظام کو سراہا۔ واضح رہے کہ پوائنٹ بسیں حیدرآباد سے ٹائم پر چلائی گئیں، نیز طالبات کیلئے جامعہ میں داخل ہونے کا انتظام اسٹیشن روڈ، طلبہ کیلئے سندھیالوجی گیٹ اور اساتذہ، افسران و ملازمین کیلئے جامعہ میں داخل ہونے کا گیٹ باب الاسلام رکھا گیا۔ دوسرے مرحلے میں ٹیسٹ 29 اکتوبر کو منعقد ہوگا۔ مجموعی طور پر تعلیمی سال 2024ءکیلئے بیچلر ڈگری پروگرامز کے مختلف تعلیمی شعبوں میں داخلوں کیلئے 5471 طالبات اور 17528 طلبہ سمیت کل 24118 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں، جس میں سندھ یونیورسٹی مین کیمپس کیلئے بیچلر ڈگری پروگرامز کے 72 سے زائد تعلیمی شعبوں میں داخلوں کیلئے 4906 طالبات اور 14366 طلبہ سمیت مجموعی طور پر 19272 شامل ہیں، تاہم مادر علمی کے مختلف کیمپسز میں داخلوں کیلئے 565 طالبات اور 1481 طلبہ سمیت مجموعی طور پر 2046 امیدواروں نے فارم پُر کیا۔ تمام کیمپسز کے بیچلر پروگرامز کے امیدواروں سے انٹری ٹیسٹ دوسرے مرحلے میں 29 اکتوبر کو ان کے متعلقہ کیمپسز میں لیا جائے گا۔ ایسے امیدوار جو انٹری ٹیسٹ کے پہلے مرحلے میں کسی بھی مجبوری کی بناءپر شرکت نہ کر سکے، وہ ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز میں ایک دخواست جمع کرائیں، انہیں ٹیسٹ کے دوسرے مرحلے میں موقع فراہم کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر ایڈمیشنز کے مطابق دوسرے مرحلے کے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 3741 طالبات سمیت 12078 سے زائد امیدوار حصہ لیں گے۔ دوسری جانب جامعہ سندھ میں تعلیمی سال 2024ءکیلئے بیچلر ڈگری پروگرامز کے علاوہ بی ایس تھرڈ ایئر پروگرام میں داخلوں کیلئے 1119 طالبات اور 1681 طلبہ سمیت مجموعی طور پر 2800 امیدواروں نے آن لائن درخواستیں جمع کرائیں۔ تعلیمی سال 2024ءکیلئے بیچلر و بی ایس تھرڈ ایئر یعنی ماسٹرز میں داخلوں کیلئے 6590 طالبات سمیت مجموعی طور پر 24118 امیدواروں نے آن لائن درخواستیں جمع کرائیں۔ بی ایس تھرڈ ایئر میں داخلوں کیلئے یونیورسٹی کے مختلف شہروں میں واقع کیمپسز کیلئے 50 طالبات اور 110 طلبہ سمیت کل 160 امیدواروں نے فارم پُر کیے۔ بی ایس تھرڈ ایئر میں داخلوں کیلئے کوئی بھی انٹری ٹیسٹ نہیں لیا جائے گا۔