جامعہ سندھ کے شعبہ سندھی کے سپرنٹینڈنٹ فیاض احمد لغاری رٹائر ہوگئے، سندھی ڈپارٹمنٹ اور آفیسرس کمیونٹی کی جانب سے ان کے اعزاز میں الگ الگ تقریبات کا انعقاد،ایوارڈ، گلدستے اور اجرکوں کے تحائف پیش
بہ سندھی جامعہ سندھ جامشورو میں سپرنٹینڈنٹ کے طور پر فرائض انجام دینے والے فیاض احمد لغاری یونیورسٹی سروس سے رٹائر ہوگئے۔ ان کے اعزاز میں شعبہ سندھی کے اسٹاف اور آفیسر کمیونٹی نے الگ الگ تقریبات بھی منعقد کیں۔ تقریبات کے دوران جامعہ کیلئے کی گئی خدمات پر انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔ شعبہ سندھی کے سپرنٹینڈنٹ فیاض احمد لغاری نے 1986ء میں کلرک کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور مسلسل 38 سال تک ملازمت کئی۔ فیاض احمد ترقیوں کے زینے پار کرتے کرتے گریڈ 17 میں سپرنٹینڈنٹ مقرر ہوئے، جس کے بعد گزشتہ روز زندگی کی 60 بہاریں مکمل کرنے پر جامعہ کی سروس سے رٹائر ہوگئے ہیں۔ ان کے رٹائرمنٹ والے روز شعبہ سندھی اور جامعہ کے افسران نے الگ الگ الوداعی تقاریب کا انعقا دکیا۔ تقریبات کے دوران انہیں جامعہ کے لیے کی گئی خدمات پر خوبصورت الفاظ سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں شعبہ سندھی کے اساتذہ ڈاکٹر سید نور محمد شاہ، ڈاکٹر نواب کاکا، ڈاکٹر شازیہ پتافی، ڈاکٹر مخمور بخاری، ڈاکٹر ریحانہ نذیر ملاح، ڈاکٹر فیاض لطیف، انجنیئر سجاد حسین شاہ، پیر بخش بجیر، منظور پنہور، ابراہیم میرجت، افتخار ناریجو، شاہد بھٹی، انور علی لاشاری، عبدالحکیم سمیجو، راشد علی لاڑک، قربان علی سہارن و دیگر نے شرکت کی۔ ان کے ساتھی ملازمین کا کہنا تھا کہ فیاض احمد لغاری کم گو اور فرشتہ صف انسان ہیں، جنہوں نے پوری سروس کے دوران کسی سے اونچی آواز میں بات تک نہ کی۔ تقریب میں انہیں یادگار شیلڈ اور ایوارڈ سے نوازا گیا، گلدستے پیش کیے گئے اور اجرکوں کے خوبصورت تحائف دیئے گئے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے فیاض احمد لغاری نے کہا کہ وہ تمام دوستوں کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے بے پناہ محبتیں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوش نصیب ہوں کہ یونیورسٹی کی 38 سالہ سروس مکمل کرکے خیریت سے رٹائر ہوا ہوں۔