جامعہ سندھ جامشورو میں انٹری ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ، 3200 طالبات سمیت مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد امیدواروں کی شرکت، مختلف کیمپسز میں 2054 امیدواروں نے ٹیسٹ میں حصہ لیا، شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کا امتحانی عمل کا جائزہ

 جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے کیمپسز میں تعلیمی سال 2024ءکے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے دوسرے مرحلے میں پری انٹری ٹیسٹ منعقد ہوا، جس میں مجموعی طور پر 3751 طالبات سمیت 12096 امیدواروں نے شرکت کی۔ ٹیسٹ بیک وقت جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے لاڑکانہ، نوشہروفیروز، بدین، دادو، ٹھٹھہ و میرپور خاص کیمپسز میں منعقد کیا گیا۔ جامعہ سندھ جامشورو میں دوسرے مرحلے میں 3186 طالبات اور 6863 طلبہ سمیت مجموعی طور پر 10049 امیدواروں نے پری انٹری ٹیسٹ دیا۔ دوسرے مرحلے میں مین کیمپس پر جامشورو، حیدرآباد، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، عمرکوٹ اضلاع و دیگر صوبوں کے امیدواروں نے ٹیسٹ میں حصہ لیا اور داخلوں کیلئے اپنی قسمت آزمائی۔ مین کیمپس پر منعقدہ ٹیسٹ میں ان امیدواروں کو بھی بیٹھنے کی اجازت دی گئی، جو کسی وجہ سے پہلے مرحلے میں منعقدہ ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔ انٹری ٹیسٹ کے دوران شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کیمپس پر موجود رہے، جنہوں نے مختلف امتحانی ہالوں میں جا کر ٹیسٹ کے عمل کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو، انسپکٹر آف کالجز ڈاکٹر ذوالفقار علی زیدی، پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، عبدالمجید پنہور، ڈاکٹر رابعہ اسماءمیمن، ڈاکٹر الطاف نظامانی و دیگر ساتھ تھے۔ وائس چانسلر کے علاوہ مختلف کمیٹیوں کے کنوینرز بھی متحرک رہے اور امتحانی عمل کا جائزہ لیتے رہے۔ دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ بھی شفاف انداز میں مکمل ہو گیا ہے اور یہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مین کیمپس پر پہلے مرحلے میں 9 ہزار امیدواروں نے ٹیسٹ میں شرکت کی، تاہم اس بار 10 ہزار سے زائد امیدواروں نے خوشگوار ماحول میں ٹیسٹ دیا۔ طلبہ کیلئے الگ اور طالبات کیلئے الگ امتحانی بلاکس قائم کیے گئے، تاہم جامعہ میں داخل ہونے کیلئے ان کے روٹس بھی علیحدہ رکھے گئے۔ ٹیسٹ کے دوران سیکورٹی کے انتظامات سخت کیے گئے تھے۔ جامعہ کے سیکورٹی گارڈ کے ساتھ پولیس کی نفری بھی تعینات کی گئی، تاہم ایمبولنسز کی موجودگی بھی یقینی بنائی گئی تھی۔ علاوہ ازیں والنٹیئر طلبہ و طالبات نے اپنی خدمات سرانجام دیں اور امیدواروں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی میسر کی گئی۔ دوسری جانب سندھ یونیورسٹی لاڑکانہ کیمپس میں 139 طالبات سمیت مجموعی طور پر 513، نوشہروفیروز کیمپس میں 17 طالبات سمیت 74 ، ٹھٹھہ کیمپس میں 25 طالبات سمیت 100، داد کیمپس میں 126 طالبات سمیت 458، میرپورخاص کیمپس میں 134 طالبات سمیت 471 اور لاڑ کیمپس بدین میں 124 طالبات سمیت 431 امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ میں حصہ لیا۔ مختلف کیمپسز میں متعلقہ فوکل پرسنز و پی وی سیز نے ٹیسٹ کے انتظامات کی نگرانی خود کی۔ تاہم دادو کیمپس میں شفاف انداز میں ٹیسٹ کے انعقاد کی ذمہ داری پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ کو سونپی گئی، جنہوں نے احسن طریقے سے ٹیسٹ منعقد کرایا۔ واضح رہے کہ جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے کیمپسز میں بیچلر ڈگری پروگرامز کیلئے انٹری ٹیسٹ کے دونوں مراحل میں مجموعی طور پر 5511 طالبات سمیت 21327 امیدواروں نے حصہ لیا۔ دوسری جانب بی ایس تھرڈ ایئر کیلئے 1117 طالبات اور 1672 طلبہ سمیت مجموعی طور پر 2789 امیدواروں نے داخلے کیلئے آن لائن فارم جمع کرائے، جنہیں انٹری ٹیسٹ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا۔ انٹری ٹیسٹ میں حصہ لینے والے امیدواورں نے جامعہ سندھ کی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کے دوران انہیں کوئی بھی تکلیف پیش نہیں آئی اور سب کچھ ایک نظام کے تحت تھا۔ تاہم پیپر بھی اپنے مقررہ وقت پر شروع ہوا۔ واضح رہے کہ سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر کی جانب سے مین کیمپس اور دیگر تمام کیمپسز میں ٹیسٹ کا اہتمام کیا گیا۔ ٹیسٹنگ سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آفتاب چانڈیو ٹیسٹنگ پراسیس کے دوران خود بھی کیمپس پر موجود رہے اور بذریعہ فون کیمپسز کے فوکل پرسنز و پرو وائس چانسلرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔