شیخ الجامعہ سندھ کی زیر صدارت ایڈمیشن کمیٹی کا اہم اجلاس، تعلیمی سال 2024ءکے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے 30 فیصد پاسنگ اسکور مقرر، مجموعی طور پر 16658 امیدوار داخلوں کیلئے اہل قرار، شیخ الجامعہ کا فلسطینی طلبہ کی ہاسٹل فیس معاف کرنے کا اعلان

 جامعہ سندھ جامشورو کی ایڈمیشن کمیٹی کا اہم اجلاس شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی زیر صدارت سینیٹ ہال میں منعقد ہوا، جس میں تعلیمی سال 2024ءکے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے 30فیصد پاسنگ اسکور مقرر کیا گیا ہے، جس سے مجموعی طور پر 16658 امیدوار جامعہ سندھ کے 70 سے زائد تعلیمی شعبوں میں داخلوں کیلئے اہل ہو گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ باقی رہ جانے والے تعلیمی بورڈز کی جانب سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانی نتائج کا اعلان ہونے کے بعد امیدواروں کو اپنے تعلیمی اسناد ای پورٹل پر اپ لوڈ کرنے اور داخلوں کیلئے پسندیدہ شعبے درج کرنے کا موقع دیا جائے گیا۔ ایڈمیشن کمیٹی کے اجلاس میں ڈائریکٹر سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر ڈاکٹر آفتاب چانڈیو نے دو مرحلوں میں 22 اور 29 اکتوبر کو منعقدہ پری انٹری ٹیسٹ کے نتائج سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور کیمپسز میں لیے گئے ٹیسٹ کے نتائج سے بھی آگاہ کیا، جس کے بعد شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ 2022ءمیں آنے والے سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہ کاریوں کے اثرات ابھی تک موجود ہیں، جس کے باعث والد کی جانب سے گھر نہ بنا پانے یا مکمل طور پر بحال نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کی تعلیم پر بھی کسی حد تک رواں سال بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی بہتری کیلئے تعلیمی سال 2024ءکیلئے پاسنگ اسکور 30 فیصد مقرر کیا جا رہا ہے، تاہم تعلیمی سال 2025ءکیلئے پاسنگ اسکور بڑھایا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں فلسطین میں بڑے پیمانے پر تباہی ہونے پر جامعہ سندھ میں زیر تعلیم فسلطینی طلبہ کی ہاسٹل فیس معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی طلبہ کی رواں سال کی ٹیوشن فیس کی ادائیگی ایچ ای سی اسکالرشپ فراہم کرکے کرے گی۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو، پرو وائس چانسلر لاڑ کیمپس بدین پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی، پرو وائس چانسلر میرپورخاص کیمپس پروفیسر ڈاکٹر نبی بخش ناریجو، فوکل پرسن لاڑکانہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر اظہر علی شاہ، فوکل پرسن سید الہندو شاہ کیمپس نوشہروفیرو پروفیسر ڈاکٹر نیک محمد شیخ، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز ڈاکٹر محمد خان سانگی، ڈاکٹر آغا اسد نور، ڈاکٹر لچھمن داس دھومیجا، ڈاکٹر حماداللہ کاکیپوٹو، ڈاکٹر عبدالستار عالمانی، ڈاکٹر جاوید احمد چانڈیو، سینڈیکیٹ ارکان ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، ڈاکٹر محمد عقیل بھٹو، ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس ڈاکٹر غزالہ پنہور، ڈاکٹر صائمہ قیوم میمن، ڈاکٹر کامران ڈاہری، پروفیسر علی رضا لغاری، ڈاکٹر محمد یونس لغاری، ڈاکٹر الطاف نظامانی، ناظم سیمسٹر امتحانات محمد معشوق صدیقی، ساجد قیوم میمن، ڈاکٹر فریدہ یاسمین پنہور، ڈاکٹر انتظار علی لاشاری، امید علی رند، ڈاکٹر رابعہ اسماءمیمن، عبدالرحمان نانگراج، وکیش کمار، سچل جویو و دیگر نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ انٹری ٹیسٹ کا 30 فیصد پاسنگ اسکور مقرر کیا گیا ہے، جس کے بعد امیدواروں کے میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے مارکز اور ٹیسٹ اسکور کو ملا کر ان کے کمپوزٹ پرسنٹیج نمبر (سی پی این) یعنی مارکس کا مجموعی شرح تناسب بنایا جائے گا، جس کے بعد میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی۔