جامعہ سندھ کے ڈپارٹمنٹ آف زولاجی اور پولٹری فارمنگ اینڈ مینجمنٹ کے تعاون سے جانوروں کا دن منایا گیا، طلباء کی جانب سے مختلف پراجیکٹس نمائش کیلئے پیش، پولٹری سائنس سے متعلق پراجیکٹس میں لوگوں کی دلچسپی
ڈپارٹمنٹ آف زولاجی جامعہ سندھ جامشورو اور پولٹری فارمنگ اینڈ مینجمنٹ کے مشترکہ تعان سے جانوروں کا عالمی دن منایا گیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات کی جانب سے مختلف پراجیکٹس نمائش کیلئے رکھے گئے اور پوسٹر پریزنٹیشن کا اہتمام کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے شعبہ زولاجی پہنچ کر طلبہ و طالبات کے تیار کردہ پراجیکٹس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر شعبے کی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ناہید کاکا و دیگر بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر نے طلباء کی جانب سے تیار کردہ ہجرت کرنے والے پرندوں، کچھوؤں کی مختلف اقسام، خونخوار عقاب، پولٹری سائنس و دیگر پوسٹرز میں دلچسپی لی۔ طلبہ و طالبات نے اپنے پریزنٹیشن میں وائس چانسلر کو مرغیوں کی مختلف اقسام، ان کی پرورش کے طریقوں، انڈوں اور بچوں کے سیزن سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 6 قسم کی مرغیاں پالی جاتی ہیں، اگر وہ بڑے پیمانے پر سائنسی طریقوں کے مطابق پالی جائیں تو کثیر سرمایہ کمایا جا سکتا ہے۔