جامعہ سندھ میں وفاقی وزارت برائے انسانی حقوق کے تعاون سے سیمینار، ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی نے صدارت کی، معاشرے میں کمزور طبقے کا خیال رکھنا بنیادی انسانی حقوق کے عین مطابق ہے

جامعہ سندھ جامشورو میں وفاقی وزارت برائے انسانی حقوق کے تعاون سے “شعور پیدا کرنے اور حساسیت” کے زیر عنوان سیمینار منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزارت برائے انسانی حقوق کے حکام ریجنل ڈائریکٹر کراچی اقبال پاشا، پروگرام ڈائریکٹر عزیز اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر احسن نواز اور کو آرڈینیٹر خیر محمد لاکھو نے شرکت کی، تاہم سیمینار کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ کی جانب سے ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف جینڈر اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی نے کی۔ جامعہ سندھ کے محترمہ بینظیر بھٹو کنوینشن سینٹر کے مرکزی آڈیٹوریم میں منعقدہ سیمینار میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، فوکل پرسن سندھ یونیورسٹی لاڑکانہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر اظہر علی شاہ، ڈاکٹر تانیہ مشتاق، ڈاکٹر غلام علی برڑو ، ڈاکٹر سراج الحق کاندھڑو، ڈاکٹر حاکم علی مہیسر، ڈاکٹر سردار علی شاہ، ڈاکٹر عشرت افشاں عباسی، ڈاکٹر فیض محمد بروہی، غلام رسول چانڈیو، ممتاز علی پنہور و دیگر نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عزیز اقبال نے کہا کہ معاشرے میں لوگوں کے کمزور طبقے کا خیال رکھنا بنیادی انسانی حقوق کے عین مطابق ہے، کمزور لوگوں میں عمر رسیدہ، خواتین، بچے، معذور افراد اور خواجہ سرا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تبدیلی کے دو طریقے ہیں جن میں سے ایک انقلابی طریقہ اور دوسرا تشخیص کا طریقہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب نقطہ نظر کے نظام کو تباہ کرنے کا طریقہ ہے، اس لیے اس پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے، تاہم دوسرا طریقہ استعمال کرنے سے اصلاحات آئیں گی اور یہ انسانی حقوق کے عین مطابق ہوگا اور اسی سے تبدیلی ممکن ہے، جو پائیدار ہوگی۔ بعد ازاں وفاقی وزارت کے حاکم نے وی سی آفس پہنچ کر شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اقبال پاشا نے کہا کہ وہ پاکستان کی مختلف جامعات میں سیمینارز منعقد کر چکے ہیں، لیکن جامعہ سندھ کے طلباءجیسا ٹیلنٹ انہیں کہیں نظر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کے طلباءبالخصوص لا انسٹیٹیوٹ کے طلباءنے کافی سارے سوالات پوچھے اور انسانی حقوق کے معاملات میں انتہائی متحرک اور سمجھ بوجھ رکھنے والے نظر آئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ سندھ کے طلباءکو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ایک بہتر معاشرے کی تشکیل سے متعلق بھی معلومات فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف لا جامعہ سندھ کے گریجویٹس بڑے پیمانے پر سول جج، لا آفیسر و جڈیشل مجسٹریٹ تعینات ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکام کے ذریعے وفاقی وزارت برائے انسانی حقوق کے وزیر کو جامعہ سندھ کے دورے کیلئے مدعو کیا اور کہا کہ وفاقی وزیر جامعہ سندھ کا دورہ کریں گے تو انہیں خوشی ہوگی۔