شیخ الجامعہ سندھ کی زیر صدارت سینیٹ کا 36 واں اجلاس، مالی سال 24-2023ء کے بجٹ کی منظوری دی گئی، مختلف تعلیمی پروگرامز کا آغاز کرنے کی بھی اجازت، اجلاس میں سینیٹ کے 35 ویں اجلاس کے منٹس بھی منظور کیے گئے

 جامعہ سندھ جامشورو کے سینیٹ کا 36 واں اجلاس چانسلر کی جانب سے بااختیار کرنے پر شیخ الجامعہ سندھ جامشورو پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی زیر صدارت محترمہ بینظیر بھٹو کنونشن سینٹر میں منعقد ہوا، جس میں سینیٹ کے 35 ویں اجلاس کے منٹس منظور کرنے کے علاوہ مالی سال 24-2023ء کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، پرو وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن، پرو وائس چانسلر لاڑ کیمپس بدین پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو و سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نور احمد سموں سمیت جامعہ سندھ کے 185 سینیٹرز کے علاوہ کالج ایجوکیشن کے اراکین و مختلف فورمز کی جانب سے نامزد کردہ نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں یکم اکتوبر 2023ء پر ہونے والے سینڈیکیٹ کے 206 ویں اجلاس اور 27 ستمبر 2023 کو ہونے والے اکیڈمک کونسل کی ڈپارٹمنٹ آف ایسٹر میڈیسن اینڈ سرجری کے قیام اور اس کے 5 سالہ پروگرام کا آغاز کرانے سے متعلق سفارشات بھی پیش کی گئی، جنہیں بھی منظور کیا گیا۔ اجلاس میں مین کیمپس جامشورو میں 5 سالہ ایل ایل بی اور ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی (ڈی پی ٹی) تعلیمی پروگرامز کا آغاز کرانے کی اجازت بھی دی گئی۔ اجلاس میں 2 نومبر 2022ء پر ہونے والے سینیٹ کے 35 ویں اجلاس میں پاس کردہ مختلف قراردادوں کی روشنی میں لیے گئے فالوو ایپ ایکشن بھی نوٹ کرائے گئے۔ اجلاس میں مالی 23-2022ء کیلئے سالانہ رپورٹ کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس کے بعد وائس چانسلر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے محترمہ بینظیر بھٹو کنونشن سینٹر میں ہائیرایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ایک پراجیکٹ کے تحت تیار کردہ جدید ویڈیو کانفرنس کا روم کا بھی افتتاح کیا۔