جامعہ سندھ میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب، مختلف اسکالرشپس کی مد میں مجموعی طور پر 172 خوشنصیب طلبہ و طالبات میں 68 لاکھ 41 ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے گئے، نیسٹ اسکالرشپ کے تحت ہر ہاسٹلر طالب علم و طالبہ کو ایک لاکھ 40 ہزار روپے کا چیک دیا گیا ہے

 شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے مختلف اسکالرشپس کی مد میں مجموعی طور پر 172 طلبہ و طالبات میں 68 لاکھ 41 ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہال میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں وائس چانسلر نے نیشنل انڈوومنٹ اسکالرشپ فار ٹیلنٹ (نیسٹ) اسکالرشپ کے تحت 2020ء بیچ کے 11 طلبہ و طالبات میں 12 لاکھ 32 ہزار، 2021ء بیچ کے 7 امیدواروں میں 3 لاکھ 92 ہزار، 2022ء بیچ کے 40 خوشنصیبوں میں 24 لاکھ 60 ہزار اور 2023ء بیچ کے 20 طلبہ و طالبات میں 12 لاکھ 60 ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے۔ تقریب میں اسٹوڈنٹس ویلفیئر فنڈ کے تحت 15 خوشنصیبوں میں 5 لاکھ 17 ہزار اور سندھ ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے تحت 16 خوشنصیبوں میں 9 لاکھ 80 ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے گئے۔ تقریب کو خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ نیسٹ کے تحت ہاسٹلر طلبہ و طالبات میں سے ہر ایک کو ایک لاکھ 40 ہزار اور ہاسٹل میں نہ رہنے والے ہر ایک خوش نصیب کو 56 ہزار روپے کا چیک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹوڈنٹس ویلفیئر فنڈ جامعہ سندھ کے اساتذہ کا فنڈ ہے، جس میں وہ اپنی تنخواہ میں سے ماہانہ رقم جمع کراتے ہیں۔ اس اسکالرشپ کے تحت ہر طالب علم کو 20 ہزار روپے کا چیک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے تحت ہر طالب علم کو 33 ہزار روپے کا چیک دیا گیا ہے۔ تقریب میں رجسٹرار و ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفیس پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، پرو وائس چانسلر لاڑ کیمپس بدین پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر آغا اسد نور، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن سعید احمد منگی، جان عالمی سولنگی و دیگر موجود تھے۔