جامعہ سندھ میں اوپر کی کلاسز میں داخلوں کیلئے فیس جمع کرانے کی تاریخ میں 19 اپریل 2024ء تک توسیع، مقررہ تاریخ تک فیس جمع نہ کرانے والے طلبہ و طالبات کے ای پورٹل اکاؤنٹس بلاک کرنے کا انتباہ

 ڈائریکٹر ایڈمیشنز جامعہ سندھ جامشورو پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو نے اپنے ایک اعلامیہ میں مطلع کیا ہے کہ جامعہ سندھ کے بیچلر ڈگری پروگرامز  کے سال دوم، سوم، چہارم، پنجم و ماسٹر (فائن) مارننگ و ایوننگ کلاسز کے تعلیمی سال 2024ء میں داخلوں کیلئے فیس جمع کرانے کی تاریخ میں 19 اپریل 2024ء تک توسیع کی گئی ہے۔ اعلامیہ میں طلباء کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فیس جمع کرانے کے بعد اگلی کلاسز میں داخلے کا فارم پُر کرکے مطلوبہ کاغذات کے ساتھ اپنے متعلقہ شعبوں کے سربراہان کے آفس میں جمع کرائیں۔ اعلامیہ کے مطابق طلباء اپنی داخلہ فیس ون بل، ون لنک، ایچ بی ایل موبائل ایپ، ایچ بی ایل کونیکٹ ایپ، ایزی پیسہ، جیز کیش یا کسی بھی بیک کے موبائل ایپ کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق جو طلبہ و طالبات 19 اپریل تک اگلی کلاسز میں داخلہ کی فیس جمع کرا کے اپنے شعبوں کے سربراہان کے پاس داخلہ فارم جمع نہیں کرائیں گے تو یہ سمجھا جائے کہ وہ مزید پڑھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے، اس لیے ان کے ای پورٹل اکاؤنٹس بند کرنے کی تنبیہ کی گئی ہے۔