امعہ سندھ میں آرٹ نمائش کا انعقاد، طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، تحقیق اور جدت پر زور: وائس چانسلر کی انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلبہ کی تخلیقی محنت کی تعریف
انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن٬ جامعہ سندھ جامشورو کی بینظیر آرٹ گیلری میں ایک شاندار آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو اور ڈپٹی کمشنر جامشورو ریاض حسین وسان نے خصوصی شرکت کی۔ دونوں معززین نے انسٹیٹیوٹ کے طلبہ کی تیار کردہ پینٹنگز اور تصاویر میں گہری دلچسپی لی۔ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن پروفیسر سعید احمد منگی نے معزز مہمانوں کو طلبہ کے تخلیقی فن پاروں سے متعلق بریفنگ دی اور نمائش میں رکھی گئی تخلیقات کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ اس موقع پر جامعہ سندھ کے آرٹس کے فروغ کے عزم اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، تحقیق و جدت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلبہ کی تخلیقی محنت کی تعریف کی اور بتایا کہ سندھ حکومت کے اوقاف فنڈز سے انسٹیٹیوٹ کے لیے 10 اضافی اسکالرشپ مختص کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر آرٹ گیلری میں نئے ایئر کنڈیشنرز اور ساؤنڈ سسٹم کی منظوری دے دی گئی ہے، جس سے گیلری کی انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے جامعہ کی ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ حکومت نے کیمپس کی سولرائزیشن کے منصوبے کی منظوری دی تهی، جس کے بعد ٹینڈ ر سمیت تمام پراسیس مکمل کر لیا گیا اور اب ایک سال کے اندر یونیورسٹی کا حیسکو پر انحصار کم ہو جائے گا اور مالی وسائل میں بچت بهی ممکن ہوگی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر ریاض حسین وسان کی نوجوان قیادت اور تعلیمی وابستگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین سرکاری افسر ہونے کے ساتھ تعلیمی میدان میں بھی کارآمد ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو ریاض حسین وسان نے اس موقع پر تعلیم سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جامعہ سندھ میں تدریس کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ تدریس ایک معزز پیشہ ہے اور یہ ان کے اصولوں سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ صنعتکاروں کے ساتھ ملاقات میں صنعت اور تعلیمی اداروں کے روابط پر زور دیتے ہیں تاکہ کاروبار کے مواقع بہتر ہو سکیں اور غربت میں کمی آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈگریاں صرف ملازمت کے لیے نہیں ہونی چاہئیں، بلکہ طلبہ کو علم، معلومات کے حصول اور بہتر عالمی تفہیم کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے جدید دور کے تقاضوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آج کی نوجوان نسل سرکاری ملازمتوں کی طرف زیادہ راغب ہے، جبکہ انہیں ابھرتے ہوئے شعبوں جیسے سائبر اسپیس اور ٹیکنالوجی میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی کمشنر وسان نے پاکستان کے عالمی تحقیقاتی معیار کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا تو دور کی بات ہے پر ایشیا میں بھی سب سے پیچھے ہے جبکہ ایران اس میں سب سے آگے نظر آتا ہے۔ انہوں نے سندھ کی جامعات میں تحقیق کو عام لوگوں کے مسائل کے حل سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسی تحقیق کی ضرورت ہے٬ جو مسائل کا حل بتائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ ممالک تحقیق اور جدت کی وجہ سے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں اور ہمارے نوجوانوں کا فوکس سی ایس ایس٬ پی سی ایس و دیگر سرکاری ملازمتوں پر مرکوز ہے۔ ہمیں ملک کی ترقی کے لیے سول سروس افسران کے بجائے زیادہ سائنسدان اور محققین کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر جامعہ کو 1000 پودے عطیہ کرنے کا اعلان کیا تاکہ کیمپس میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری ماحول اور معاشرتی بہتری کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے اساتذہ سے درخواست کی کہ وہ طلبہ کو مقامی مسائل پر تحقیقاتی مقالے لکھنے کی ترغیب دیں اور مسائل کے عملی حل پیش کریں۔تقریب کے آخر میں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو، ڈپٹی کمشنر ریاض حسین وسان، رجسٹرار ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح و دیگر معزز مہمانوں نے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے پارکنگ ایریا میں پودے لگائے۔ اس موقع پر پروفیسر نعمت اللہ خلجی، امر سندھو، حسام الدین میرانی، جان عالم سولنگی اور انسٹیٹیوٹ کے اساتذہ بھی موجود تھے۔