
جامعہ سندھ اور اس کے کیمپسز میں پہلے سیمسٹر کے امتحانات پرامن ماحول میں شروع، طلباء کیلئے سازگار امتحانی ماحول کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، چاہتے ہیں کہ حصول تعلیم کے ساتھ نوجوان امتحانات میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں، ترجمان جامعہ سندھ
جامعہ سندھ جامشورو اور اس سے ملحق کیمپسز میں پہلے سیمسٹر کے امتحانات پرامن ماحول میں شروع ہو گئے ہیں، جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ ترجمان جامعہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی کی خصوصی ہدایات پر طلبہ و طالبات کو امتحانی عمل کے دوران مطلوبہ سہولیات مہیا کی گئی ہیں تاکہ وہ ذہنی یکسوئی کے ساتھ اپنے پرچے حل کر سکیں۔ امتحانی مراکز میں پینے کیلئے ٹھنڈا اور صاف پانی مہیا کیا گیا ہے، تاہم بجلی کی بغیر رکاوٹ فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ گرمی کے موسم میں طلباء کو کسی بھی تکلیف کا سامنا نہ کرنے پڑے۔ علاوہ ازیں جامعہ سندھ کے ٹرانسپورٹ سیکشن کی جانب سے طلبہ و طالبات کو لے آنے اور چھوڑ کر آنے کیلئے ٹائم ٹیبل کے مطابق پوائنٹ بسیں چلائی جا رہی ہیں۔ امتحانی مراکز میں صفائی ستھرائی کے بھی مکمل انتظامات کیے گئے ہیں اور سیکورٹی کا خصوصی بندوبست بھی کیا گیا ہے، جہاں سیکورٹی عملہ اپنی ڈیوٹیز پر تعنیات ہے۔ یونیورسٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ طلباء کیلئے سازگار و پرامن امتحانی ماحول کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ حصول تعلیم کے ساتھ نوجوان طلبہ و طالبات امتحانات میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔