شیخ الجامعہ سندھ کا امتحانی مراکز کا دورہ، سیمسٹر امتحانات کا جائزہ، تیاریوں پر اظہار اعتماد
شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی نے گزشتہ روز علامہ آئی آئی قاضی کیمپس میں جاری پہلے سیمسٹر کے امتحانات کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف امتحانی ہالوں کا دورہ کیا اور نگرانی کرنے والے عملے کو ہدایت کی کہ وہ امتحانات کی شفافیت، نظم و ضبط اور رازداری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کیلئے تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔ وائس چانسلر نے جوابی کاپیوں کی تقسیم، وقت کی پابندی اور یونیورسٹی کی جانب سے مقرر کردہ معیار پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔ ڈاکٹر کھمباٹی نے کہا کہ یونیورسٹی امتحانات کے دوران کسی بھی قسم کے ناجائز ذرائج کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شعبہ اسٹیٹسٹکس، ڈاکٹر ایم اے قاضی انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری، فیکلٹی آف فارمیسی سمیت دیگر شعبوں و سینٹرز کا دورہ کرکے امتحانی عمل کا جائزہ لیا اور طلباء سے ملاقات کرکے ان کے پرچوں اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے سہولیات پر اظہار اطمینان کیا۔